غزہ -فلسطین فائونڈیشن پاکستان فلسطینی میڈیا گیدرنگ ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 39 سالہ صحافی علی نایف حسن تیمہ شہید ہوگئے ہیں۔
قابض فوج نے گزشتہ روز ان کی گاڑی پر جان بوجھ کر بمباری کی جب وہ خان یونس کے المواصی قصبے سے سڑک پر گزر رہے تھے۔
تیمہ کی شہادت کے بعد غزہ میں گزشتہ برس سات اکتوبر سے جاری صہیونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔
میڈیا گیدرنگ نے غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی نسل کشی اور فلسطینی صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے خلاف جاری جرائم کی شدید مذمت کی۔ اس نے صحافی تیمہ کی شہادت کو اسرائیلی فوج کی طرف سے سوچا سمجھا قتل قرار دیا۔
انہوں نے صحافت کے پیشے سے وابستہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی صحافیوں کے خلاف نسل کشی کے جرائم کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں تاکہ فلسطین کے صحافی جنگ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔