جنین – فلسطین فائونڈیشن پاکستان+- قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں ایک کار پر بمباری کر کے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام کے دو مجاہدین کو شہید کردیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض صہیونی فوج نے ڈرون سے جنین کے البطیحہ چوک میں ایک کار پر بمباری کی اور اسے سیدھا نشانہ بنایا، جس سے کار میں آگ لگ گئی اور اس میں موجود افراد شہید ہو گئے۔
دوسری طرف فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ جنین میں گاڑی پر بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو مجاہدین کی لاشیں منتقل کی گئی ہیں۔ اس بمباری میں ایک ڈاکٹر اور ایک راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے مجاہدین میں سے ایک کی شناخت 28 سالہ رفعت محمود رفعت صبحی داواسی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے شہید کی شناخت احمد ولید احمد ابو عرہ کے نام سے کی گئی ہے، جن کی عمر 32 سال تھی۔ قابض فوج دونوں مجاہدین کا کچھ عرصے سے تعاقب کر رہی تھی۔
قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنین کے وسط میں البطیحہ گول چکر پر فلسطینی مزاحمتی سیل کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی بربریت کے بعد حماس اور القسام نے اپنے مجاہدین کی شہادت پر سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اس بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی۔