غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ “اسرائیلی” قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف 3 قتل عام کیے، جن میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 41 فلسطینی شہید اور 102 زخمی ہوگئے۔
وزارت نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ گذشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اب تک جاری مسلسل اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 37,337 شہید اور 85,299 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر اب بھی متعدد زخمی موجود ہیں اور ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
خیال رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے “اسرائیلی” قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے کے علاوہ 20 لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 70 فیصد سے زیادہ تباہ ہوچکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔
ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث آئے روز بچوں اور دیگرشہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب غاصب صہیونی دشمن ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔