روم (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) سات ممالک کے گروپ ’جی سیون‘ نے “اسرائیل” سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر تمام حالات میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے۔
گروپ آف سیون نے جمعے کو اپنے سربراہی اجلاس کے بیان میں کہا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور تمام “یرغمالیوں” کی رہائی کے لیے مجوزہ معاہدے کی حمایت میں متحد ہیں۔
جی سیون ممالک نے تمام فریقوں سے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ “اسرائیل کو ہر حال میں بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے”۔
جی 7 نے سلامتی کونسل کی غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ انسانی امداد کی بلا روک ٹوک سپلائی میں سہولت فراہم کریں۔
گروپ آف سیون کے رہ نما تین روزہ سربراہی اجلاس کے لیے جمعرات سے اٹلی میں ملاقات کر رہے ہیں۔