صنعا (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) جمعرات کو یمنی مزاحمتی فورسز انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے اسرائیلی قابض دشمن سے منسلک بحری جہازوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجتہی کے طور پر اسرائیلی ریاست اور اس کے اتحادیوں کے بحری جہازوں کے خلاف حملوں کی تعداد اور معیار میں مزید اضافہ کیا جائےگا۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ اس کی جماعت نے “اس ہفتے بحیرہ احمر،بحیرہ عرب اور بحیرہ روم اور بحر ہند میں امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل سے منسلک 10 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہفتے کے دوران ان کی افواج نے غزہ کی حمایت میں 27 بیلسٹک اور پروں والے میزائلوں اور ڈرونز کے ساتھ بحیرہ احمر، بحیرہ عرب بحرین، بحر ہند اور بحیرہ روم کی طرف آپریشن کیا”۔
انہوں نےنشاندہی کی کہ “گذشتہ نومبر میں غزہ کے لیے امدادی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک نشانہ بنائے گئے جہازوں کی کل تعداد 129 تک پہنچ گئی ہے”۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ “آپریشنز چوتھے مرحلے کے فریم ورک کے اندر جاری ہیں اور اس میں اضافہ ہوتا رہے گا۔”
گذشتہ نومبر سے یمنی انصار اللہ بحیرہ احمر میں فلسطینی عوام کی حمایت اور نصرت میں “اسرائیلی” بحری جہازوں یا “اسرائیل” جانے والے کسی بھی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔
انصار اللہ گروپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ “غزہ پر اسرائیلی جنگ کے خاتمے، پٹی پر سے محاصرہ ختم کرنے اور اس کے تمام حصوں میں انسانی امداد کے داخلے تک بحیرہ احمر میں اپنے حملے جاری رکھے گا”۔
گذشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اسرائیلی قابض فوج نے امریکی اور یورپی حمایت سے غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جب کہ اس کے طیارے ہسپتالوں، عمارتوں، ٹاورز اور فلسطینی شہریوں کے گھروں پر بمباری کرتے ہیں۔ان کے گھروں کو ان کا قبرستان بنا دیا گیا۔ رفح کی تمام راہ داریاں بند کرکے لاکھوں لوگوں پر قحط مسلط کرنے کی مذموم اور مجرمانہ پالیسی اختیار کی گئی۔
قابض فوج نے اپنی جنگی مشین سے فلسطینیوں کی منظم نسل کشی اور منظم ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہےجس میں روزانہ سیکڑوں فلسطینی شہید ، زخمی اور لاپتا ہوتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پر قابض فوج کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں 36,224 فلسطینی شہید اور 81,777 دیگر زخمی ہوئے، اس کے علاوہ پٹی کی آبادی کا تقریباً 1.7 ملین بے گھر ہے۔