کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط خطے کے امن کو تباہ کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد یوتھ فورم فار کشمیر کیجانب سے کیاگیا تھا جس میں شہر بھر سے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ آج کشمیر میں معصوم بچوں سے لے کر بزرگوں اور خواتین کو ظلم اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج دہشت اور ظلم کی علامت بن چکی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہندوستان حکومت اور جارح افواج مقبوضہ کشمیر کے عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لینا چاہتے ہیں جس پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی مجرمانہ ہے۔ عالمی برادری کو چاہئیے کہ بھارت کی دہشت گرد حکومت کو پابند کریں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ نہ تو امریکہ اور برطانیہ میں ہونے دیں گے اور نہ ہی ہندوستان کی حکومت کو اجازت دیں گے بلکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت سے کریں۔
اس موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے برطانیہ اور امریکہ کا منفی اور سازشی کردار بھی واضح کیا۔ سیمینار میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے دانشمندوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔