غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) مرکزاطلاعات فلسطین انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ یہ اعلان کررہا ہے کہ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رزق الغرابلی گذشتہ روز خان یونس میں وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں جام شہادت نوش کرگئے۔
الغرابلی کی شہادت کے بعد غزہ کی پٹی پر نسل کشی کی جنگ کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 123 صحافیوں تک پہنچ گئی۔
الغرابلی خان یونس گورنری (غزہ کی پٹی کے جنوب میں) میں شہریوں کے گھروں پرقابض “اسرائیلی” فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں شہید ہوئے۔
منگل کو غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے خان یونس پر اسرائیلی حملے میں صحافی رزق الغرابلی کی شہادت کا اعلان کیا۔
دفتر نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ رزق الغرابلی کی شہادت کے ساتھ ہی صحافتی برادری کے شہداء کی تعداد 123 ہو گئی۔
سوموار 29 جنوری کو غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر نے اعلان کیا کہ 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی کے خلاف قابض فوج کی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے اب تک 122 صحافی شہید ہو گئے ہیں۔
صحافیوں کی بین الاقوامی فیڈریشن نے غزہ کی پٹی کے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور صحافیوں سمیت شہریوں کے خلاف قابض فوج کے جرائم کے حوالے سے یورپی خاموشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سوموار کو برسلز میں یورپی یونین دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔