غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ آج 110ویں روز جاری ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں اور توپ خانے سے آج بدھ کو خان یونس پر شدید بمباری کی گئی جب کہ شہر کے مغربی حصے کا بدترین محاصرہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب قابض فوج اور فلسطینی مجاھدین کے درمیان دو بہ دو لڑائی جاری ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ خان یونس میں اس کے ہیڈ کواٹر کے قریب اسرائیلی بمباری میں تین افراد شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
اطباء بلا حدود تنظیم نے خان یونس میں ناصر ہسپتال میں موجود تمام لوگوں، زخمیوں اور پناہ گزینوں کے حوالے سےتشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادارے نے ہسپتال میں موجود تمام افراد کی حفاظت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہسپتال کے محاصرے کےبعد وہاں پر ایک نئے قتل عام کی تیاری جاری ہے۔
غزہ کے ہسپتالوں کی عمارتوں پر اسرائیلی فوج کی طرف سے اندھادھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کئی ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں۔
خان یونس پر اسرائیلی فوج نے آج بدھ کی صبح سے شدید بمباری شروع کی ہے۔
قابض فوج نے خان یونس میں ناصر ہسپتال کے قریب مصطفیٰ حافظ اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں وہاں پر موجود متعدد افراد شہید ہوگئے۔
مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ ناصر ہسپتال میں مزید 52 شہداء کی لاشیں لائی گئی ہیں جب کہ اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے 120 افراد کو علاج کے لیے لایا گیا ہے۔