کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے “غزہ میں بچوں کا قتل بند کرو” کے عنوان سےدوروزہ ورکشاپ 22اور 23دسمبرکو آرٹس کونسل میں منعقد کی جائے گی۔
غزہ میں مسلسل اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں معصوم فلسطینی بچوں کی قربانیوں کی یاد میں روزہ ورکشاب بنام “غزہ کے بچوں کا قتل بند کرو” کے عنوان سے مہم چلائی جا رہی ہے جس کے تحت آرٹس کونسل میں دوروزہ آرٹس ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ورکشاپ میں فائن آرٹس کے ماہرین سمیت ڈیزائنرز، مصوروں، خطاطوں، ڈیجیٹل آرٹسٹوں اور کاپی رائٹرز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو غزہ میں بچوں کا قتل بند کرو کے عنوان پر اپنے خصوصی فن کا مظاہرہ کریں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس ورکشاپ کا مقصد آرٹس برادری کی جانب سے غزہ کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مظلومین فلسطین کی حمایت کرنا ہے اور اس بات پر زور دیا جائے گا کہ مظلوموں کی حمایت کرنا ہی انسانیت کا تقاضا ہے۔
ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے آرٹس کونسل کے صدر اور نگران وزیر ثقافت احمد شاہ خطاب کریں گے اور آرٹس کے اساتذہ اور ورکشاپ کے شرکاء کو اسناد اور انعامات دیں گے جبکہ ورکشاپ کے اختتام پر تمام فن پاروں کی نمائش لگائی جائے گی۔