حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خالد مشعل کی سربراہی میں اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے وفد نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں صدر کرنل قذافی سے ملاقات کی ہے۔ حماس کے سیاسی بیورو کے رکن عزت رشق نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وفد میں شامل دیگر اراکین میں عزت رشق اور سامی خاطر بھی شامل تھے۔
دوران ملاقات طرفین نے فلسطینی مسئلہ اور فلسطینی مصالحت اور اس کے حصول کے طریقوں پر گفت و شنید کی۔ اس موقع پر جانبین نے غزہ کی پٹی کے ظالمانہ محاصرے پر بھی بات چیت کی اور محاصرہ توڑنے اور سرحدی پھاٹکوں کو کھولنے کے لیے ہرممکنہ کوششیں صرف کرنے ضرورت پر اتفاق کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں عمارتوں کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے کے لیے فلسطینی قوم کی پوری مدد کی جائے گی۔
اس دوران قابض اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو یہودی رنگ میں رنگنے، اہل قدس کو ہجرت پر مجبور کرنے اور یہودی آباد کاری میں تیزی سے اضافہ کرنے پر بھی بحث کی گئی اور فلسطینی قوم کو درپیش گونا گو مسائل کو حل کرنے کے لیے عرب ممالک کے تعاون پر زور دیا گیا۔