غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)حکومت غزہ کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد تیرہ ہزار تین سو اور زخمیوں کی تعداد اکتس ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
حکومت غزہ کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گيا ہے کہ شہداء میں سے پانچ ہزار چھے سو بچے اور تین ہزار پانچ سو پچاس خواتین ہیں۔ بیان کے مطابق شہید ہونے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور امدادی کارکنوں کی تعداد دو سو ایک ہوگئی ہے جبکہ بائیس فائر فائٹر اور ساٹھ صحافی بھی شہید ہوچکے ہیں۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد جو ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا ان کی لاشیں گلیوں میں پڑی ہیں اور قابضین ان کی تدفین میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں چھے ہزار پانچ سو تک پہنچ گئی ہے جن میں سے چار ہزار چار سو خواتین اور بچے ہیں۔ غزہ کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک اٹھانوے سرکاری عمارتوں اور دو سو چھیاسٹھ اسکولوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے جہاں جنگ سے متاثرہ افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی بمباریوں میں تراسی مساجد مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں اور ایک سو ستر کو نقصان پہنچا ہے اور تین گرجا گھروں کو بھی اسرائیل نے بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔ اس بیان کے مطابق غزہ میں تینتالیس ہزار رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ بائیس ہزار پانچ سو مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔