دوحہ(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن ) ایران کے وزیر خارجہ نے امیر قطر سے ہونے والی ملاقات میں غزہ کے مظلوم و نہتھے عوام کے خلاف جاری صیہونی وحشیانہ جارحیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے دورہ دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انھوں نے غزہ کی المناک صورت حال اور فوری جنگ بندی نیز غزہ کے عوام کے لئے امداد کی ضرورت کے بارے میں گفتگو کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ، شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ حالیہ دو ہفتوں کے دوران ایران کے وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ قطر ہے۔