اسلام آباد(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن ) غزہ پر اجتماعی سزا کے طور پر بلا تفریق اسرائیلی بمباری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے جس کیلئے کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کرنے کے لیےاسلام آبادمیں فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کیا ، جہاں انھوں نے پاکستان میں فلسطینی سفیر احمد ربعی سے ملاقات کی۔
ملاقات کےبعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کا وجود دنیا کیلئے سکیورٹی رسک ہے، اسپتال پر حملہ اور سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غزہ پر اجتماعی سزا کے طور پر بلا تفریق اسرائیلی بمباری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے جس کیلئے کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لمحہ بہ لمحہ فلسطین کی صورتحال مزید بگڑتی جا رہی ہے لیکن اقوام متحدہ کی جانب سے فوری جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر بمباری رکوانے کیلئے اتفاق رائے پیدا نہ کرپانا بہت افسوسناک ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غزہ میں معصوم انسانوں کی جانوں کو بچانے کیلئے عالمی برادری آگے آکر آپریشنل انسانی راہداری کے قیام اور غزہ میں محصور فلسطینیوں تک انسانی امداد پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے اور اس مسئلے کا حل صرف اور صرف آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔