جماعت اسلامی کے زیراہتمام علما مشائخ کانفرنس “غزہ ہمارا منتظر” کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔ منصورہ لاہور میں منعقد کی جانے والی کانفرنس میں علامہ سید جواد نقوی، مولانا عبدالخبیر آزاد، لیاقت بلوچ، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ مختار احمد سواتی، میاں مقصود احمد، مولانا عبدالمالک، پیر غلام رسول اویسی، پیر لطیف الرحمن، مولانا عبدالرحمن، پیر معین الدین گوریجہ، قاری عبدالیعقوب شیخ، عتیق الرحمن، مفتی عمر، پیر نوید زبیری، مولانا عبدالرزاق، علامہ قمر علی ترمذی، پیر بابا شفیق، مبارک حسین، قاضی عمران، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، احمد رضا اویسی، سید عزیز اللہ، پیر زمان، پیر صوفی خالد ہاشمی، پیر بوٹا، حاجی اسلم قادری، صاحبزادہ دلشاد منیر اویسی، ڈاکٹر فیاض رانجھا، پیر جلیل احمد شرقپوری، مولانا عبدالغفار روپڑی، پیر سید نوبہار شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ کے معصوم بچے خواتین پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، آرمی چیف سے گزارش ہے آپ فلسطینوں کا نعرہ بن جائیں، جبکہ چالیس ممالک کی اسلامی اتحاد افواج جنرل راحیل شریف کی قیادت میں دہشتگردی کیخلاف بنائی گئی تھی، اس سے بڑی دہشت گردی اور کیا ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے احتجاج کرے گی۔ امیر جماعت نے کہا انیس دن سے غزہ میں پر لوہے کی بارش ہو رہی ہے روزانہ سیکڑوں انسانی جانیں شہید ہو رہی ہیں، چوہتر لاکھ افواج رکھنے والا عالم اسلام آج بھی خاموش ہے۔ تقریب سے دیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسرائیل اپنے حواریوں کیساتھ مل کر ظلم اور بربریت پھیلا رہا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر تمام جماعتوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔