غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )فلسطین میں مزاحمت کاروں نے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن طوفان الاقصیٰ آج اتوار کو نویں دن میں داخل ہو گیا ہے۔ اس دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے دشمن کے ٹھکانوں پر راکٹ باری جاری ہے۔
ان راکٹ حملوں کے ساتھ مزاحمتی فورسز کی طرف سے مخصوص حملے کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں ہونے والی اموات کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ آٹھ روز میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں 1500 سے زیادہ صہیونی ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔
کل ہفتے کی شام القسام بریگیڈز نے “کسوفیم” اور “صفا سپورٹ” کے فوجی مقامات کے قریب دشمن فوج پر مارٹر گولوں سے بمباری کی۔
القسام بریگیڈز نے شہریوں کو نشانہ بنانے کا جواب دیتے ہوئے “یاد موردچائی” کے قریب مقبوضہ عسقلان اور دشمن کی فوجوں کے ٹھکانوں پر میزائل بیراج داغے۔ اس کے علاوہ”بن گوریون ہوائی اڈے” پر راکٹ داغے گئے۔
قابض فوج نے گذشتہ ہفتے کی جھڑپوں سے اب تک 265 فوجیوں اور افسران کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے جب کہ صہیونی ہلاکتوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے ہفتے کی سہ پہر کو اعلان کیا کہ اس کے کمانڈوز کا ایک گروپ ہنیونس کے مشرق میں دیوار فاصل باڑ کو عبور کرنے اور دشمن کی فوجوں کےایک ٹھکانے پر حملے میں کامیاب ہوگیا۔
القسام بریگیڈز نے ملٹری رپورٹ نمبر 8 میں تصدیق کی ہے کہ 3 فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں اور جھڑپ اب بھی جاری ہے۔
بمباری میں قسام بریگیڈ کے مزاحمتی جنگجوؤں کی کامیابی ایک بار پھر قابض افواج کے لیے ایک نئے دھچکے کا باعث بنی۔ یہ ابھی تک طوفان الاقصیٰ کے آغاز کے صدمے اور ہولناکی کا سامنا کر رہی ہیں، جب 1,200 سے زائد مزاحمتی جنگجوؤں نے سرحد عبور کرنے میں حصہ لیا۔ انہوں نے سرحدی باڑ کے کچھ حصوں کو تباہ کردیا، فوجی مقامات اور بستیوں کا کنٹرول سنبھالا اور قابض فوج کے غزہ ڈویژن کو ختم کرنے کے بعد دشمن کو برسوں تک یاد رہنے والا زخم پہنچایا۔
اسرائیلی چینل 13 کے مطابق قابض افواج نے تسلیم کیا کہ القسام بریگیڈز نے حملے کے پہلے دن ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔
ہفتے کو القسام بریگیڈز نے عام شہریوں کی نقل مکانی اور نشانہ بنانے کے جواب میں “عسقلان” پر میزائل بیراج سے بمباری کا اعلان کیا۔
دشمن نے اعتراف کیا کہ کبوتز نیریم کے حالیہ قسام بمباری کے نتیجے میں کافی جانی نقصان ہوا ہے۔
القسام بریگیڈز نے شہریوں کی نقل مکانی اور نشانہ بنانے کے جواب میں “تل ابیب” پر میزائل بیراج سے بمباری کا اعلان کیا۔
اس نے غزہ کے شمال مشرق میں “جاورعام” میں قابض افواج کے ارتکاز اور میزائل بیراجوں کے ساتھ مقبوضہ سدروت پر بمباری کا بھی اعلان کیا۔
قابض فوج نے اعتراف کیا کہ سدروت میں راکٹ گرنے سے کئی افراد ہلاک ور زخمی ہوئے ہیں۔