اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ترجمان فوزی برہوم نے فتح تنظیم پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طوری پر اپنے قومی پروگرام کی تکمیل کیلئے مزاحمت کا راستہ اختیار کرے ،جسے وہ اس وقت سستے داموں بیچنے پر تلی ہوئی ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک پریس بیان میں ترجمان نے کہا کہ تنظیم کے اندر ایک خاص گروپ نے فلسطینی کاز کو اپنے مفادات اور پیسوں کی خاطر بیچنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
فوزی برہوم نے فتح میں شامل مخلص ارکان سے اپیل کی کہ وہ صورتحال سے باخبر رہیں اوراسرائیلی اور امریکی ڈکٹیشن لینے کے بجائے،قومی مفادات کا خیال رکھیں۔واضح رہے کہ فتح سنٹرل کمیٹی میں ،فتح کے ارکان نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس پر کمیٹی کے اندر گرما گرم بحث بھی ہوئی ہے۔