مقبوضہ بیت المقدس ۔ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض فوج نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا۔اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع بڑی یہودی بستی معالیہ اَدومیم میں ایک شاپنگ مال کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں چھے یہودی آبادکار زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ ان اسرائیلیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسرائیلی پیرامیڈک اورین برل نے بتایا کہ ’’ہم معالی اَدوميم میں ایک ریستوراں میں گئے جہاں ہم نے دیکھا کہ فائرنگ کی زد میں آنے والا ایک شخص مکمل طور پر ہوش میں ہے اور اس کے جسم کے اوپری حصے پر گولیوں کے زخم ہیں‘‘۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور پیلے رنگ کی چمکدار جیکٹ پہنے زمین پر بے حس وحرکت پڑا ہے، جبکہ اس کے جسم سے خون بہ کرنیچے فٹ پاتھ پر جا رہا ہے۔
اسرائیل کے چینل 12 کا کہنا ہے کہ فلسطینی حملہ آور کو ایک آف ڈیوٹی افسر نے گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی دم توڑ گیا۔
اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں گذشتہ پندرہ ماہ سے بدترین تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیلی فوج کی چھاپا مار کارروائیوں، فلسطینیوں کی سڑکوں پر کارروائیوں اور فلسطینی دیہات پر یہودی آباد کاروں کے حملوں کی وجہ سے تشدد کا یہ سلسلہ اور بھی بدتر ہو گیا ہے۔
دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے اس حملے کو مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاووں کا ردعمل قرار دیا۔