کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے تین رکنی فلسطینی وفد نے جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما سید البرکہ کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کے کراچی مرکز کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، صاحبزادہ عامر خواجہ اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔فلسطینی وفد میں مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی اور عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس جبکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم بھی موجودتھے۔فلسطینی وفد کو منہاج القرآن کے قائدین کی جانب سے پھولوں کے تحفہ پیش کئے گئے۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا او ر عملی اقدامات کو انجام دینے کی تاکید کی۔اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی اور دینی خدمات کے ساتھ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی تعریف کی اور کہا کہ فلسطینی عوام ڈاکٹر طاہر القادری کو مظلوموں کی امید سمجھتے ہیں۔اس موقع پر فلسطینی وفد نے شرکاء کو فلسطینی اسکارف کا تحفہ بھی پیش کیا۔