آج سوموار کی صبح قابض صہیونی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں یہودی آباد کاروں نے مسجد الاقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا۔
دوسری طرف بیت المقدس کی عیسائی برادری نے فلسطینی مقدسات کی مسلسل بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقدسات کے دفاع کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فورسزکی فول پروف سکیورٹی میں درجنوں یہودی آباد کاروں نے سوموار علی الصبح مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں دھاوا بولا اور جگہ جگہ پھیل گئے۔ اس دوران قابض فوج کی موجودگی میں آباد کاروں نے تلمودی تعلیمات کےمطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔
قابض فوج کے گھیراؤ سے قبل فلسطینیوں کی بڑی تعداد قبلہ اول میں موجود تھی۔ انہوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ فلسطینی نمازیوں کے’اللہ اکبر‘ کے فلک شگاف نعروں سے قبلہ اول کی فضا گونج اٹھی۔ اس دوران فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی جب کہ دوسری طرف سے قابض فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کو قبلہ اول سے باہر نکالنےکے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا اور ان پر صوتی بم برسائے۔
خیال رہےکہ اسرائیلی فوج جمعہ اور ہفتے کے ایام کے سوا ہفتے کے باقی دنوں میں اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتی ہے۔