فلسطینی شہر مغربی کنارے میں قائم “فتح” کے قائدین پر مشتمل فلسطینی اتھارٹی اور صہیونی حکومت کے درمیان بالواسطہ مذاکرات شروع ہونے سے قبل امریکی صدرباراک حسین اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو سے ٹیلیفون پررابطہ کیا ہے۔ ٹیلیفونک رابطے میں امریکی صدرنے اسرائیلی وزیراعظم کو صہیونی ریاست کی مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے پیرکی شام اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ کیا، امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان یہ ٹیلیفونک رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان رواں ہفتے امریکی نگرانی میں بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے۔
ذرائع ابلاغ نے وائٹ ہاؤس کے ترجمان کےحوالے سے کہا ہے کہ امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ہونے والے رابطے میں فلسطینی اتھارٹی سے متوقع مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی صدر باراک حسین اوباما نےصہیونی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ امریکا کا فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کےدرمیان مذاکرات بحال کرانےکا مقصد اسرائیل کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ میں امن عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے اسرائیل کے مزید تحفظ کویقینی بنانا ہے۔
ادھراسرائیلی حکومتی ذرائع نے امریکی صدر کے نیتن یاھو سے ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے نہایت حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ ذرائع نے دونوں راہنماؤں کے درمیان حالیہ رابطے کو اسرائیل کی موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نےاسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفون پررابطہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ گذشتہ روز امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جارج میچل فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرانے کے لیے تل ابیب پہنچے ہیں۔ اپنے اس دورے میں وہ بدھ کے روز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں فریقین میں امن بات چیت کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔