پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنمااور سینیٹ میں قائمہ کمیٹی برائے دفاعی امور کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ہمیشہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں پر فلسطین کاز کی حمایت کی ہے اور فلسطین میں جاری صہیونی مظالم کی مذمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید کاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک عالمگیر انسانی مسئلہ ہے جس پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ عناصر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بات کرتے ہیں جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انکاکہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کا مطلب کشمیر سے دستبردار ہونا ہے۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے سینیٹر مشاہد حسین کو فلسطین کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی کروائی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر صدف مصطفی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم شریک تھے۔