غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاونڈیشن) فلسطین کی مقاومتی تحریک جہاد اسلامی کی عسکری ونگ سرایا القدس نے غزہ پٹی کے جنوب میں اپنے تمام عسکری یونٹس کے ساتھ مل کر ایک فوجی پریڈ منعقد کی۔
تفصیلات کے مطابق، گذشتہ روز غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں جہاد اسلامی کے عسکری ونگ سرایا القدس کی فوجی پریڈ دیکھنے میں آئی۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، کل بدھ کی دوپہر ہونے والے اس فوجی مارچ میں سرایا القدس کے تمام یونٹس نے شرکت کی۔
یہ فوجی مارچ “رفح” شہر کے مغرب سے شروع ہو کر اسرائیل کے جواب میں حالیہ فوجی کارروائی “وحدہ الساحات” کے شہداء کے گھروں سے ہوتا ہوا ”النجمہ” اسکوائر پر ختم ہوا۔
یاد رہے کہ صیہونی حکومت پانچ اگست کی دوپہر غزہ کی پٹی پر “آپریشن فجر” کے نام سے حملہ آور ہوئی تھی، جس کے جواب میں فلسطینی مقاومتی گروہ جہاد اسلامی نے “وحدہ الساحات” کے نام سے صیہون مخالف فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
یہ جنگ تین دن جاری رہی، جو بالآخر سخت کوششوں اور مصر کی ثالثی کے بعد جنگ بندی کے بعد ختم ہوئی۔