کراچی (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) لبنان میں اسلامی مزاحمتی تحریک کے رہنما شیخ معین دقیق نے کہا ہے کہ اسرائیل اس قابل نہیں ہے کہ مزاحمت اسلامی کے ساتھ جنگ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔
حزب اللہ رہنما شیخ معین نے کہا کہ اسرائیل کی دھمکیاں اس کی طرح کمزور اور بے معنی ہیں۔ اسرائیل یہ طاقت نہیں رکھتا کہ لبنان میں اسلامی مزاحمت حزب اللہ کے خلاف جنگ لڑے۔ اسرائیل ماضی میں متعدد جنگ کے تجربات میں ہمیشہ حزب اللہ سے شکست کھا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں صورتحال بہت تبدیل ہو چکی ہے اور فلسطینی عوام بیداری کے ساتھ اسرائیلی دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
حزب اللہ رہنما نے اسرائیل کی شکست کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکی انتظامیہ لبنان اور دیگر مزاحمتی بلاک کو اقتصادی مشکلات کے شکنجہ کے ذریعہ مشکلات کا شکار کرنا چاہتے ہیں تاہم یہ تمام حربے اور تجربات ماضی میں بھی ناکام رہے اور موجودہ دور میں بھی ناکام ہو جائیں گے ۔
شیخ معین نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور اس کے تمام اراکین یقیناً قابل ستائش ہیں اور اس طرح کے کام دنیا میں فلسطین کاز کی تقویت کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے نوجوانوں کو بھی چاہئیے کہ وہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی طرز پر مسئلہ فلسطین سے متعلق آگہی مہم کا آغاز کریں اور غاصب صہیونی ریاست کے خلاف عوام میں شعور بیدار کریں۔
حزب اللہ رہنما نے مسلم دنیا کے ممالک کا اسرائیل کے ساتھ روابط قائم کرنے کو مسلم اُمّہ کے خلاف سازش اور خیانت قرار دیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے پاکستان کے غیور عوام ہمیشہ فلسطین کاز کے حامی رہے ہیں اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات سازی کو قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے حزب اللہ رہنما شیخ معین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حزب اللہ لبنان کی جدوجہد اور مزاحمت کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدائے مزاحمت کو خراج عقیدت پیش کیا۔