بیروت ۔ مرکز اطلاعات فلسطین
لبنانی مزاحمتی تنظیم “حزب اللہ” کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ نے جمعرات کو کہا ہے مزاحمت قابض اسرائیل کو کاریش گیس فیلڈ پر حملہ کرنے سے روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین سیاسی پیش رفت کے بارے میں ایک ٹیلی ویژن تقریر میں انہوں نے کہا کہ “مزاحمت کے پاس مالی، فوجی اور سیکیورٹی صلاحیت ہے کہ دشمن کو کاریش فیلڈ سے تیل اور گیس نکالنے سے روک سکے۔”
انہوں نے زور دے کر کہا کہ “مزاحمت لبنان کی دولت کی لوٹ مار کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوگی اور ہمارے سامنے تمام آپشن کھلے ہیں۔”
حسن نصراللہ نے زور دے کر کہا کہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی حماقت کے نہ صرف تزویراتی بلکہ وجودی اثرات ہوں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی دشمن نے جنگ مسلط کی تو وہ لبنان سے زیادہ نقصان اٹھائے گا۔
حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ “ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن ہم اس سے ڈرتے نہیں ہیں۔ اسرائیل کو کاریش گیس فیلڈ میں اپنی سرگرمیاں بند کرنی ہوں گی اور جہاز کو فوری طور پر واپس لے جانا ہوگا۔
نصر اللہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ “کاریش گیس فیلڈ واحد لائن ہے۔ وہاں سے جو بھی قدرتی وسائل اسرائیل نکالے گا وہ چوری اور ڈاکہ سمجھے جائیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ “لبنان کو ایک نئے مرحلے کا سامنا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے۔ برطانوی یونانی کمپنی نے تین ماہ کے اندر اندر گیس نکالنے کے لیے کاریش فیلڈ میں ایک پلیٹ فارم قائم کیا وہ لبنان پر حملہ ہے۔