مقبوضہ بیت المقدس ۔ مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں گھس کروہاں پر موجود دو خواتین نمازیوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری نفری نے بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ کے اطراف میں فلسطینیوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران قابض فوج مسجد اقصیٰ میں گھس گئی اور اس نے وہاں سے دو خواتین کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں موجود دو خواتین نفیسہ خویص اور رایدہ سعید کو حراست میں لینے کے بعد ایک مقامی حراستی مرکز منتقل کردیا۔
ادھر کل اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں 634 یہودی آباد کاروں نے دھاوا بولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
سوموار کو فلسطینی خواتین مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ میں چاشت کی نماز ادا کی۔ چاشت کی نماز کے وقت یہودی شرپسند گروپوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوتے ہیں اور وہاں پر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔