عمان ۔ مرکزاطلاعات فلسطین+-
اردن کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاوے اور حرم قدسی کی بے حرمتی خطے میں جنگ کی آگ بھڑکا سکتی ہے۔
اردنی وزیر اوقاف محمد الخلایہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہودی آباد کاروں اور انتہا پسندوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے کی کال خطرناک پیش رفت ہے جوخطے کو علاقائی جنگوں اور خطرناک لڑائیوں میں تبدیل کرسکتی ہے۔
اردنی وزیر اوقاف و مذہبی امور کا یہ بیان خبر رساں ایجنسی ’بترا‘ کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات سے باز رہے جن کے باعث مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچے اور وہ مزید مشتعل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ زمین سے لے کرآسمان تک صرف اور صرف مسلمانوں کی مقدس جگہ ہے جس پر کسی دوسرے مذہب، ملت یا گروپ کا کوئی حق نہیں اور نہ ہی کسی کو قبلہ اول میں مداخلت یا مسلمانوں کو وہاں پر عبادت سے روکنے کا حق ہے۔