اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میں تین نہتے فلسطینی نوجوانوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
مغربی کنارے میں قائم شعبہ قومی رابطہ کے جاری کردہ اخباری بیان میں اس عزمِ صمیم کا اعادہ کیا گیا کہ مزاحمت جاری رہے گی۔ شہیدوں کا لہو رنگ لائے گا۔ اسرائیلی مظالم کا بھرپور مقابلہ ہر درجے میں کیا جائے گا۔ یہ ظالمانہ کارروائیاں اہلِ حق کے قدموں میں ثبات اور دلوں میں شوقِ شہادت بڑھائیں گی۔
ملک بھر میں اسرائیلی فوج اور اس کے ادارے اہلِ فلسطین پر ظلم کی انتہا کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز جینین اور بیت لحم میں بہائے گئے گرم لہو کی سرخی راہِ حق کے ہر راہی کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ ارضِ مقدس بھی ہماری ہے اور پوری زمین کے وارث بھی ہم ہی ہیں۔