کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونیزم کے خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی۔فلسطین کی صہیونی شکنجہ سے آزادی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انٹر نیشنل لائرز فورم کے چیئر مین ناصر احمد ایڈوکیٹ نے جمعرات کے روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے خصوصی ملاقات کے دوران کے کیا۔
آئی ایل ایف کے ایک نمائندہ وفد نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکریٹیریٹ کا دورہ کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی خدمات اور انتھک جدوجہد کوخراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایل ایف کے چیئر مین ناصر احمد ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین طبقاتی نہیں بلکہ ایک عالمگیر انسانی مسئلہ ہے اور وکلاء برادری ہمیشہ فلسطین کاز کے ساتھ رہی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل صہیونیوں کی ایک غاصب ریاست ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور اس کے سرپرست جو کچھ بھی کر لیں فلسطین کی آزادی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر انہوں نے فلسطین کے عوام اور فلسطین کی آزادی کے لئے سرگرم عمل مزاحمتی گروہوں بالخصوص لیلی خالد، جارج حبش سمیت حماس، جہاد اسلامی، پاپولر فرنٹ اور حزب اللہ کی خدمات اور جدوجہد کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انٹر نیشنل لائرز فورم کے وفد میں سید جعفر عباس جعفری ایڈوکیٹ، جمشید علی خواجہ ایڈوکیٹ،ساجد علی ایڈوکیٹ، محمود خان ایڈوکیٹ اور سکندر علی آربانی شامل تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے آئی ایل ایف کے چیئرمین اور نمائندہ وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطین کا خاص چفیہ روما ل ناصر احمد خان کو پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اپنے قیام سے آج تک مسلسل فلسطینی کاز کی حمایت میں سرگرم عمل ہے اور نومبر میں فلسطین کے عالمی یوم یکجہتی کے موقع پر ملک بھر میں مہم چلائی جائے گی جبکہ کراچی میں بڑی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے چیئر مین ناصر احمد کو یکجہتی فلسطین ریلی میں شرکت کی دعوت د ی جس پر آئی ایل ایف کے عہدیداروں نے شکریہ ادا کیا۔