( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ بیت المقدس ۔ قابض صہیونی حکام نے ستمبر کے آغاز میں سرنگ کے ذریعے ’جلبوع‘ جیل سے فرار کے بعد دوبارہ گرفتار کیے گئے تمام چھ فلسطینیوں کو قید تنہائی میں ڈال دیا ہے۔
فلسطینی قیدیوں کے وکیل ایڈووکیٹ خالد محاجنہ نے بتایا کہ ان کے موکل اسیر محمد عارضہ کو قید تنہائی میں ڈالا گیا ہے۔
محاجنہ نے بتایا کی محمد عارضہ سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے اور دوسرے اسیران سے بھی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد انہیں مختلف جیلوں میں قید تنہائی میں منتقل کیا گیا ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیر زکریا الزبیدی کو بئر سبع کے ایچل جیل میں قید تنہائی میں ڈالا گیا ہے۔
اسیران کے وکیل محاجنہ نے بتایا کہ آئندہ اتوار کو اسرائیلی فوجی عدالتوں میں چھ فلسطینی قیدیوں کو پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چھ فلسطینی چھ ستمبر کو اسرائیل کی جلبوع جیل سے سرنگ کے ذریعے فرار ہوگئے تھے تاہم چند روز کی تلاش اورتعاقب کے بعد قابض فوج نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔