( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رام اللہ ۔ کل اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے بعد فلسطینی قوم کی نمائندہ قوتوں نے صہیونی ریاست کا ہر سطح پر بائیکاٹ کرنے اوراسرائیل کے ساتھ ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کے روز فلسطینی قوتوں نے کہا ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے قتل عام کے واقعات پر فلسطینی قوم خاموش نہیں رہے گی اور نہ ہی فلسطینیوں کا خون رائیگاں جائے گا۔
فلسطین کی مختلف قوتوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ اتوار کو پانچ نہتے فلسطینیوں کی بے دردی کے ساتھ شہادت کے بعد قابض دشمن کے ساتھ سیکیورٹی تعاون جاری رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور شہدا کی وصیتوں کے مطابق فلسطینی قوم ان کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے دشمن کے خلاف آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت اور کارکنوں نے وطن عزیز کی آزادی اور قابض دشمن کے خلاف ہرسطح پر مزاحمت کی اور جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ حماس اس وقت تک قربانیاں دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوجاتا اور قابض دشمن کو ملک میں شکست نہیں ہوجاتی۔
حماس نے آج سوموار کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف جگہ جگہ احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم کے خلاف احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس شہید ہونے والے فلسطینیوں کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے بیٹیوں کی شہادت پر خراج تحسین پیش کرتی اور مبارک باد پیش کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز پانچ فلسطینی شہریوں کا بے دردی کے ساتھ قتل قابض دشمن کا کھلا اور وحشیانہ جرم ہے جسے کسی صورت میں معاف نہیں کیا جاسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا کا خون ہماری گردوں پر قرض ہے اور ہم اس کا بدلہ لیں گے۔ یہ خون اور قربانیاں القدس اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی راہ ہموار کریں گی۔
فلسطینی مزاحمتی کمیٹیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنین اور القدس میں پانچ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد پوری فلسطینی قوم شدید غم وغصے میں ہے اور ہم قابض دشمن کے جرائم کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے بھی قابض اسرائیلی ریاست کے جرائم اور پانچ فلسطینیوں کے بے دردی کےساتھ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کا ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔
درایں اثنا اسلامی جہاد نے پانچ فلسطینیوں کی شہادت پر ارض مقدس کے تمام آزادی پسندوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ فلسطین کا بچہ بچہ اپنے وطن کی آزادی اور مقدسات کےدفاع کے لیے ہرطرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والوں نے اپنے وطن کے دفاع، مقدسات اور قوم کی آزادی کے لیے جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔
خیال رہے کہ کل اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں القدس اور غرب اردن میں پانچ فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔