کراچی ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسئلہ فلسطین و کشمیر کو نوجوانوں میں زندہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار جامعہ کراچی سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ پروفیسر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔ڈاکٹر شکیل فاروقی کا کہنا تھا کہ تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش ہر دور میں کی جاتی رہی ہے اور موجودہ حالات میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سے متعلق تاریخ مسخ کر کے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے تاہم ہر طبقہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے خلاف ہونے والی مذموم سازشوں کا مقابلہ کرے۔
انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے فلسطین و کشمیر کاز کے لئے کی جانے والی کوششوں اور جدوجہد کو قابل تحسین قرار دیا۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ڈاکٹر شکیل فاروقی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عنقریب مسئلہ فلسطین و کشمیر اور نوجوان نسل کی آگہی سے متعلق آن لائن ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اساتذہ کرام کو دعوت خطاب دی جائے گی تاکہ معاشرے میں نوجوان نسل تک آگہی پہنچائی جائے۔