اسلام آباد(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے پارلیمنٹ میں رولنگ دیتے ہوئے واضح الفاظ میں بیان کیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرےگا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلا س کے دوران پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قابض ریاست اسرائیل کے حوالے سے پالیسی کی وضاحت طلب کرنے پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پاکستان وہ وحد ملک ہے جو اسلامی نظریات پر وجو د میں آیا پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا ہم سب کا دل قبلہ اول کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔
انھوں نے ایوان کے ساتھ پاکستانی عوام سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو ملک نہیں بلکہ فلسطینی سرزمین پر قابض سمجھتا ہے اور کبھی بھی اسرائیل کو بطور ملک تسلیم نہیں کرے گا ، پاکستان فلسطینیوں کی جدو جہد آزادی کی حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا ۔
واضح رہے کہ منگل کے روز پاکستان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان اسرائیل تعلقات پر گردش کرتے خبروں سے متعلق ایوان میں نقطہ اعتراض پیش کیا اور حکومت سے وضاحت طلب کی تھی۔