کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، مسلم پرویز، اسرار عباسی، مولانا باقر زیدی، میجر (ر) قمر عباس،مطلوب اعوان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں 29نومبر عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے ایک اہم ترین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پرجمعہ 29نومبر کو ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جائے گا اور اس عنوان سے کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں یکجہتی فلسطین کے خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے جبکہ مرکزی یکجہتی فلسطین پروگرام کراچی میں سائیکل ریلی برائے یکجہتی فلسطین کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی نرسری شاہراہ فیصل سے جمعہ29نومبر کو ٹھیک تین بجے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہو گی جہاں پر سائیکل ریلی سے خطاب کریں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے اہلیان کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور شرکت کریں۔
رہنماؤں نے کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گرد ی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشیر کا واحد حل مزاحمت میں ہے۔
انہوں نے ناروے میں قرآن کریم کی توہین کے المناک حادثہ کو امریکی وصیہونی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس عنوان سے جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور سنہ1948ء کے فلسطینیوں کو جلا وطن لوگوں کو فلسطین واپس آباد کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے جو نہ صرف فلسطینیوں کی دشمن ہے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردوں کی حامی ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے لئے بھی سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی ہمت و جرات کو سلام پیش کرتے ہین کہ جنہوں نے ہزاروں شہداء کے جنازے اٹھانے کے باوجود بھی فلسطینی تحریک آزادی کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیا ہے۔
رہنماؤں نے گذشتہ دنون صیہونی جعلی ریاست اسرائیل کے حملے میں شہید ہونے والے جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما کی ان کے بیوی بچوں کے ہمراہ ہونے والی شہادت پر گہرے دکھ او درد کا اظہار کیا اور اسرائیل کے دہشت گردانہ عزائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔