ترکی کے ایوان صنعت زراعت کے چئیرمین شمسی بائیریکٹر نے کہا ہے کہ” اسرائیل دنیا میں غیرانسانی رویے کا مظہر ہے”۔ مغربی کنارے کے وسطی علاقے”البیرہ” کے دورے کے دوران مقامی شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں فلسطینی عوام اور ترکی کے درمیان اختلافات پیدا کر کے اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں تاہم ترکی اور فلسطینی عوام کے درمیان ہمیشہ کے بردارانہ تعلقات میں رخنہ نہیں ڈالا جا سکے گا۔
ترک عہدیدار نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطین بھر میں بالخصوص غزہ کی پٹی میں گذشتہ کئی سال سے فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کر رہا ہے،اسرائیلی مظالم کے باعث فلسطینی خون کے آنسو رونے پر مجبور ہیں، ایسےمیں صہیونیوں کو انسانوں میں شمار کرنا “انسانیت کی توہین ہے”۔ اسرائیل دنیا میں وحشت اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔
بائریکٹر نےعالمی برادری کی جانب سے فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کے بارے میں روا رکھی جانے والی خاموشی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ فلسطینیوں کی اسرائیلی فوج کےہاتھوں نسل کشی کے باوجود جنگی جرائم میں حمایت اور مدد کے مترادف ہے۔
انہوںنے کہا کہ ترکی کی جانب سے فلسطین میں زراعت اور تجارت کے سلسلے میں فراہم کردہ امداد ناکافی ہے، دنیا بھرکے تمام ممالک بالخصوص اسلامی دنیا کو فلسطینیوں کی امداد کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے۔