اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں تنظیم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے امیر قطرشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی۔
اتوار کے روز قطر کے دارالحکومت” دوحہ” میں شاہی محل میں ہونے والی اس ملاقات میں فلسطین کی داخلی صورت حال، بیت المقدس میں یہودی آباد کاری، مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے حملے اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ بے سود مذاکرات سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امیرقطرنے کہا کہ وہ ہمیشہ فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد اور حمایت کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی ان کی غیرمشروط حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس ، مسجد اقصیٰ اور فلسطین صرف فلسطینیوں کے مسائل نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور عرب ممالک کے اجتماعی مسائل ہیں۔ ان کے حل کے لیے پوری امت کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
ملاقات میں حماس کے راہنما خالد مشعل نے امیرقطرکی جانب سے مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا خیرمقدم کیا۔ خالد مشعل نےامیر قطر سے ملاقات میں زور دیا کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ مل کرغزہ کی معاشی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے کوششیں کریں۔
ملاقات کے دواران حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، سیاسی شعبے کے ارکان عزت رشق اور محمد نصر بھی خالد مشعل کے ہمراہ تھے۔