’’فلسطینی تحریک آزادی‘‘ نے کہا ہے کہ رام اللہ کی غیر قانونی حکومت کے سربراہ سلام فیاض کی جانب سے قیام اسرائیل کی تقریبات میں شرکت کے لیے آمادگی سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے نمائندہ نہیں اور انہوں نے فلسطینی قوم کے لیے کچھ نہیں کیا۔ صہیونی مجرمانہ ریاست کے قیام کی تقریبات میں شرکت پر سلام فیاض کا محاسبہ کیا جانا ضروری ہے۔
’’فلسطینی تحریک آزادی‘‘ نے بروز ہفتہ اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ سلام فیاض کا یہ جرم ہی کم نہ تھا کہ ان کے بطور وزیراعظم ان کی سربراہی میں حکومت نے مغربی کنارے میں امن مذاکرات کے نام پر ہر طرح کی لوٹ مار اور مجاہدین کا تعاقب کیا اور انہوں نے صہیونی قومی سیکیورٹی کے لیے منعقد کی گئی ہرٹزیلیا کانفرنس میں شرکت کی، اب انہوں نے قیام اسرائیل کی یاد میں منعقد تقریب میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر کے اپنے جرم کی شدت میں اضافہ کرنے کے ساتھ فلسطینی شہداء کے خون سے خیانت کی ہے۔
’’ فلسطینی تحریک آزادی‘‘ نے فلسطین کی تمام قومی اور اسلامی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی مقدسات کی توہین کا باعث بننے اور فلسطینی شہدا کے خون سے غداری کے مرتکب سلام فیاض جیسے افراد کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔