اسرائیلی فوج نے جمعہ اور جمعرات کی درمیانی شب غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے جس سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہو سکی۔
غزہ کے مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج کے ”ایف سولہ” طیاروں کے ذریعے رات گئے غزہ کے وسط میں آباد سے باہر کم از کم سولہ راکٹ داغے جس سے قرب و جوار کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بمباری میں خان یونس کے مرکزی داخلی راستے اور محررات کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر فلسطینی ذرائع کے مطابق خان یونس میں بمباری کے دوران دودھ کی فیکرٹری کو نشانہ بنایا گیا جس میں فیکرٹری کی عمارت مکمل طو ر تباہ ہو گئی، جس میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
رات سا ڑھے بارہ بجے کے قریب کی گئی بمباری میں غزہ کے وسط میں صلاح الدین روڈ پر آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے گئے، تاہم تاحال وہاں پر ہونے والے کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔ فلسطینی حکومت کے ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر معاویہ حسنین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو ایک بیان میں اسرائیلی طیاروں کی گولہ باری کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک بمباری میں کسی قسم کے جانی نقصان یا کسی شہری کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع انہیں موصول نہیں ہوئی۔