مقامی ذرائع کے مطابق بروز سوموار فلسطینی نوجوانوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان اس وقت شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں جب یہودی آبادکاروں نے عید الفصح منانے کے لیے مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے دس فلسطینی نوجوانوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونےسے روک دیا جس پر یہ نوجوان قابض فوج سے الجھ پڑے۔
بعد ازاں کشیدگی میں اضافہ ہوتا گیا اور قابض اسرائیلی فوج القدس شہر کےمختلف علاقوں میں پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے القدس شہر میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق سوموار کے روز صبح سویرے ہی قابض اسرائیلی فوج مقبوضہ بیت المقدس کی طرف جانے والے راستوں پر کھڑی ہو گئی تھی اور اس نے 1948ء کے مقبوضہ عرب علاقوں کے درجنوں افراد کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روکنا شروع کر دیا تھا۔