قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری کے دوران ایک فلسطینی شہید اور چھ زخمی ہو گئے جبکہ ایک دوسرے واقعےمیں صہیونی فوج کی فائرنگ سے ایک بچے کی پیٹھ میں گولیاں لگی ہیں جس کے باعث وہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل ہے۔
فلسطینی میڈیکل ذرائع کے مطابق گذشتہ شام غزہ کے علاقے خان یونس میں صہیونی فوج نے بھاری توپخانے سے گولہ باری کی جس سے ایک شہری شہید اور دیگر چھ زخمی ہو گئے، جبکہ حملے میں کئی مکانات بھی تباہ ہوئے۔ یہ نماز مغرب کے وقت میں کی گئی، زخمیوں کو غزہ کے ناصر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کو مارٹر گولوں کے ٹکڑے لگنےسے گہرے زخم آئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج نے ٹٰینکوں کے ذریعے “گریٹ عبسان” اور نیوز عبسان” کے مختلف مقامات پر مارٹر کے گولے پھینکے۔ ادھر قابض فوج کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی کے وسط میں ایک تیرہ سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا، بچے کی پیٹھ میں گولیوں کے زخم آئے ہیں جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔