فلسطینی شہری تنظیموں نے عرب سربراہان سے اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ میں شہری تنظیموں کی طرف سے منعقدہ پریس کانفرنس میں لیبیا میں اس ماہ کے آخر میں منعقد ہونے والی عرب سربراہی کانفرنس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
شہری تنظیموں کے سربراہ محسن ابو رمضان نے کہا کہ فلسطینی شہریوں اور اسلامی مقدسات کے خلاف صہیونی جارحیت کے ردعمل میں اسرائیل کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔ عرب ممالک کو چاہیے اسرائیلی کارروائی سے غزہ میں پیدا ہونے والے حادثے کی صورت حال کے خاتمے کے لیے دلیرانہ فیصلے کریں۔
دوسری جانب اسیران کے امور کے متعلق شام میں سرگرم انسانی حقوق کی تنظیموں نے لیبیا کے صدر کرنل معمر قذافی کو ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ سربراہی کانفرنس میں فلسطینی اسیران کے موضوع کو زیر بحث لایا جائے۔