”بین الاقوامی مہم برائے انسداد ناکہ بندی غزہ” نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کے دورہ غزہ کا خیر مقدم کیا ہے اور ان سے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بین الاقوامی مہم کی طرف سے جاری بیان میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے ”گولڈ سٹون” رپورٹ کی سفارشات پر عمل کا مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ گولڈ سٹون رپورٹ میں اسرائیل کو غزہ جنگ کے دوران جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
”بین الاقوامی مہم برائے انسداد ناکہ بندی” کے بیان کے مطابق بان کی مون ایسے موقع پر غزہ کا دورہ کررہے ہیں جب فلسطینیوں کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے۔
اسرائیل یہودی آبادکاری جاری رکھنے سمیت مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیانے کی سازش پر عمل پیرا ہے۔ اس نے کسی بین الاقوامی معاہدے یا انسانی حقوق کو درخور اعتنا نہیں سمجھا۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری آج غزہ کا دورہ کررہے ہیں۔