فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر احمد بحر نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) الشیخ احمد یاسین کے راستے پر گامزن رہے گی خواہ اسے کس قدر قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔
انہوںنے غزہ میں الشیخ احمد یاسین کی شہادت کے حوالے سے منعقد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم اقصیٰ کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ الشیخ احمد یاسین نے جو فصل بوئی تھی اس کا پھل پک چکا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی مہاجرین کی واپسی پہلے سے زیادہ یقینی ہو گئی ہے۔”
ڈاکٹر احمد بحر نے اسلامی بنک اور اقصیٰ ٹی وی پر امریکی پابندیوں کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت اور آزادی رائے کے چمپیئن امریکا کی طرف سے پابندیوں کا اقدام ظالمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت اور آزادی رائے کہاں گئی جن کے بلندوبانگ دعوے امریکا کرتا ہے۔