لبنانی اخبار”الدیار” نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائٓیل کے درمیان گذشتہ دو ماہ سے امریکی سرپرستی میں خفیہ مذاکرات جاری ہیں، یہ مذاکرات یورپ کے ایک ملک میں ہورہے جن میں فریقین خطے میں قیام امن سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات چیت کر رہے ہیں۔
اخبار نے سفارتی ذرائع کے حوالےسے اپنی منگل کی اشاعت میں ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپ میں ہونے والے مذاکرات میں فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے مندوبین شریک ہیں ۔
اس کے علاوہ مذاکرات میں امریکی صدر باراک حسین اوبا کے خصوصی نمائندے بھی شریک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اب تک مذاکرات کے کئی ادوار ہو چکے ہیں، جو تواتر کےساتھ جاری ہیں، مذاکرات میں فلسطینی ریاست کے قیام، فلسطینی تٓحریک مزاحمت کے خاتمے اور مزاحمتی جماعتوں کو انتخابی دھارے میں شامل ہونے سے روکنے کے طریقہ کار سے متعلق موضوعات پر بحث کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بھی اپنی رپورٹوں میں انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹٓی اور اسرائیلی حکومت کے درمیان امریکی سرپرستی میں مذاکرات جاری ہیں۔