اسرائیلی حکومت نے 2 اسیر فلسطینی اراکین پارلیمنٹ کی مدت قید میں مسلسل تیسری دفعہ توسیع کردی۔ اسیران کے وکیل ایڈووکیٹ فادی قواسمہ کے مطابق عوفر جیل کی صہیونی عدالت نے فلسطینی مجلس قانون ساز کے اراکین ڈاکٹر عزام سلھب اور نزار رمضان کی مدت قید میں چھ ماہ کی توسیع کا فیصلہ صادر کیا۔
ان کی قید آج ختم ہو رہی تھی۔ قابض اسرائیلی فوج نے دونوں فلسطینی اراکین پارلیمنٹ کو ایک سال قبل گرفتار کیا تھا اور چھ ماہ کی قید سزا سنائی تھی۔ لیکن ان کی مدت قید میں مسلسل توسیع کی جاتی رہی۔
فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر احمد بحر اور مغربی کنارے کے اسلام پسند اراکین نے صہیونی فیصلے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عزام سلھب اور نزار رمضان کی مدت قید میں توسیع کا مقصد فلسطینی اراکین پارلیمنٹ کے حوصلے پست کرنا ہے۔ لیکن اسرائیل اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔