قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اتوار کے روز قابض فوج کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر نمازکی ادائیگی میں مصروف فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق درجنوں اسرائیلی فوجی اچانک مسجد اقصیٰ کے جنوبی حصے میں داخل ہوگئے اور مسجد کے دروازے بند کر کے باہر سے نمازیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ، مسجد کے اندر موجود افراد پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں گھسیٹ کر باہرنکال دیا گیا، اس موقع پر تمام نمازیوں کے شناختی کارڈ بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
واضح رہے کہ فلسطینی شہریوں کی ایک بڑی تعداد گذشتہ جمعہ کےروز سے مسجد اقصیٰ میں معتکف ہے، جس کا مقصد قبلہ اول کو یہودیوں کی دست برد سے بچانا اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، تاہم قابض فوج کی جانب سے شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں قیام سے روک دیا جاتا ہے۔ گذشتہ پانچ روز سے اسرائیلی فوج اور بیت المقدس میں نمازیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں جن میں کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔