فلسطینی مجلس قانون ساز میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پارلیمانی گروپ ”تبدیلی و اصلاح” کے جنرل سیکرٹری مشیر مصری نے کہا ہے کہ اسرائیل کی کامیابیوں کا وقت گزرچکا ہے۔ مستقبل فلسطینی عوام اور فلسطین کے اصل حقداروں کا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ذرائع کی جانب سے غزہ جنگ کے متعلق صہیونی سرکاری معلومات کے جھوٹے ہونے کا اعتراف حماس کی سچائی کا واضح ثبوت ہے۔ اسرائیل نے غزہ جنگ میں معصوم شہریوں کا قتل عام اور سکولوں، یونیورسٹیوں، ہسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر کامیابی کے دعوے کیے۔ واضح رہے کہ تل ابیب سے عبرانی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ”ہارٹز” کی کالم نگار عمیرہ ھاس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ میں اسرائیلی فوج میں ہونے والے نقصانات کے متعلق سرکاری معلومات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ اس بات کا اندازہ جنگ میں شریک اسرائیلی فوجی اہلکاروں کے انٹرویو سے ہوتا ہے۔ مشیر مصری نے مزید کہا کہ عمیرہ ھاس کے اس مضمون سے حماس کے ان بیانات کی سچائی ثابت ہوجاتی ہے جو اس نے دشمن کی صفوں میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے دیے ہیں۔ ثابت ہوتا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی قیادت میں مزاحمت کاروں نے کس بہادری سے صہیونی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ مزاحمت کاروں نے اسرائیل کو اہداف حاصل کیے بغیر الٹے پاؤں واپس لوٹنے پر مجبور کیا۔