فلسطین کی آئینی حکومت نے مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کے متعلق رچرڈ فالک کی رپورٹ پر بحث ملتوی کیے جانے کے فلسطینی اتھارٹی کے مطالبے کی مذمت کی ہے۔ فلسطینی حکومت کے مشیر محمد فرج الغول نے غزہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رچرڈ فالک کی رپورٹ اہمیت کے لحاظ سے گولڈ سٹون رپورٹ کی سفارشات سے کم نہیں ہے۔ رچرڈ فالک کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے فلسطینی شہریوں اور شہری عمارتوں کو ٹارگٹ کیا۔ فرج الغول نے کہا کہ کیا اسرائیل کے بائیکاٹ، اسرائیل میں سرمایہ کاری کے خاتمے اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ فلسطینی قومی مفادات کے مخالف ہے۔ واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے انسانی حقوق کونسل میں رچرڈ فالک کی رپورٹ پر بحث کیے جانے کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کا دعویٰ ہے کہ رواں ماہ میں منعقد ہونے والی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں رچرڈ فالک رپورٹ پر بحث کیا جانا فلسطینی قومی مفادات کے خلاف ہے۔