عالمی تحقیقاتی ادارے”انٹرپول” نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمود المبحوح کی انیس جنوری کو دبئی میں قتل کے الزام میں 16 افراد کو ملزم قرار دے کر ان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پیر کے روز انٹرپول کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مبحوح کے قتل کے الزام میں دبئی پولیس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں جبکہ 26 ملزمان میں ایک اور مشتبہ ملزم کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعدملزمان کی مجموعی تعداد 27 ہو گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی پولیس کی جاری کردہ تفصیلات کے بعد مشتبہ ملزمان کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، تحقیقات سے معلوم ہواہے کہ مشتبہ افراد اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد سے براہ راست تعلق رکھتے ہیں اور مبحوح کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ انٹرپول نے18 فروری کو مبحوح کے قتل میں ملوث گیارہ افراد کی فہرست جاری کی تھی اور ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں عالمی پولیس کو مطلوب قرار دیا تھا۔