آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے غزہ پر اسرائیلی ناکہ بندی کو غیر انسانی اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک سے ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے اسرائیل پر مزید دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ آئرش وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتے غزہ کا دورہ کیا تھا، وہ یورپی ممالک کے پہلے وزیر خارجہ ہیں جنہوں نے چھ سال کے دوران پہلی دفعہ غزہ کا دورہ کیا۔ مائیکل مارٹن نے ”انٹرنیشنل ھرالڈ ٹربن” اخبار میں مضمون لکھا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالات زندگی قرون وسطیٰ کے حالات کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی غیر انسانی ہے۔ غزہ کے حالات سے انسانی بحران کا خطرہ ہے۔ مائیکل مارٹن نے کہا کہ وہ اس معاملے کو آئندہ ہفتے اسپین کے شہر قرطبہ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔ یورپی ممالک غزہ کو سب سے زیادہ امداد دینے والے ممالک ہیں۔