فلسطینی مجلس قانون ساز میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پارلیمانی گروپ اصلاح و تبدیلی کے ترجمان ڈاکٹر صلاح بردویل نے اسلامی مقدسات کی حفاظت کے لیے تیسری تحریک انتفاضہ کے شروع کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے خان یونس میں حماس کی طرف سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور اسلامی مقدسات کو یہودیانے اور انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور اسلامی مقدسات کی بے حرمتی کرنے کی کارروائیاں اعلانیہ طور پر جاری ہیں۔ اسلامی دنیا اور فلسطینی اتھارٹی اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ صلاح بردویل نے مسلمانوں سے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی حمایت نہ کریں۔ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسرائیل سے تجارتی، سیاسی اور اقتصادی تعلقات ختم کردیں۔ صلاح بردویل نے اس سلسلے میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ادارے یونیسکو کے کردار ادا نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ، مسجد ابراہیمی اور دیگر اسلامی اور عیسائی مقدسات کے خلاف اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لیے ان اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔